کاروار : یکم اکتوبر(ایس اؤ نیوز)سڑک تحفظ کےلئے ذیلی کمیٹی کے ذریعے ضروری عملی نقشہ تشکیل دینے اور 15اکتوبر تک رپورٹ سونپنے کی اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن نے افسران کو ہدایات دیں۔
وہ یہاں ڈی سی دفتر میں منعقدہ سڑک تحفظ کمیٹی کی صدارت کرتےہوئے بات کررہےتھے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں سڑکوں کو تحفظ دینے کے لئے پی ڈبلیو ڈی، محکمہ پولس ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا پر مشتمل ایک ذیلی کمیٹی بنائیں۔ کمیٹی کے ذریعے ضلع میں سڑکوں کی حفاظت کے لئے کیا کچھ کرنا لازمی ہے اس تعلق سے رپورٹ بنا کر 15اکتوبر تک عملی نقشہ کے ساتھ سونپنے کی بات کہی۔
ڈی سی نے کہاکہ اترکنڑا ضلع میں حادثاتی مقامات اور شاہراہ پر غیر محفوظ زون کی نشان دہی کرتےہوئے اس کو صحیح کرنے کی ذمہ داری کمیٹی کی ہوگی۔ ارے بائیل گھاٹ علاقے میں حادثات میں اضافہ دیکھا جارہاہے، انکولہ سے یلاپور تک کی شاہراہ کا پولس افسران کے ساتھ مکمل معائنہ کیاجائے اور جہاں جہاں ضروری ہے وہاں نشانات، سائن بورڈ، بیارکیڑ نصب کرتےہوئے حادثات کو روکا جائے۔ یہ محکمہ آب پاشی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی ذمہ داری ہونے کی بات کہی۔
ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے کہاکہ ضلع میں جن حادثاتی مقامات کو صحیح کیاگیا ہے اس کو نکال کر نئے حادثاتی زون کی فہرست بنائیں ۔ ارے بائیل گھاٹ علاقے میں پولس افسران کی نگرانی ہو، اس کے ساتھ ساتھ بھاری وزنی اورتیزرفتار سواریوں پر توجہ دینے کی بات کہتےہوئے ضرورت پڑنے پر لائسنس رد کرنے اور سواری کو ضبط کرنے کی ہدایات دیں۔ اسی طرح سرکاری ٹرانسپورٹ ادارے کے افسران کے ساتھ گفتگو کرتےہوئے سرکاری بس ڈرائیوروں میں بیداری پیدا کرنے اور بیسٹ ڈرائیور ایوارڈ سےنوازنے کی صلاح دی۔
ضلع پنچایت سی ای اؤ پریانگا ایم، ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ ایس، ضلع صحت عامہ اور خاندانی فلاح بہبودی افسر ڈاکٹر شرد نایک، ڈی وائی ایس پی اروند کلگجی، زونل ٹرافک ، محکمہ آب پاشی اور این ایچ اے کے افسران میٹنگ میں موجود تھے۔